نئی دہلی،06/اگست (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) ایمس کے ٹراما سنٹر میں داخل اناؤ اجتماعی عصمت دری معاملہ کی متاثرہ کی حالت بہت نازک ہے اور اسے لائف سپورٹ سسٹم پر رکھا گیا ہے۔اسپتال کے ایک سینئر ڈاکٹر نے معلومات دی۔دہلی ٹریفک پولیس نے کل لکھنؤ سے دہلی لائی گئی متاثرہ کو اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے سے ایمس پہنچانے کے لئے گرین کوریڈور بنایا تھا اور 14 کلومیٹر کا فاصلہ محض 18 منٹ میں طے کرنے میں مدد کی تھی۔ایمس ٹراما سنٹر کے سربراہ ڈاکٹر راجیش ملہوترا نے کہاکہ وہ بیمار ہے، لائف سپورٹ سسٹم پر ہے اور بلڈ پریشر کوبرقرار رکھنے کے لئے اس کو منشیات کی ضرورت پڑ رہی ہے۔مریض کی حالت نازک ہے اور مختلف علاقوں کے ڈاکٹروں کی ٹیم اس کا علاج کر رہی ہے۔پولیس نے بتایا کہ رائے بریلی میں گزشتہ ہفتے کار اور ٹرک کے تصادم میں شدید زخمی ہوئی متاثرہ کو سپریم کورٹ کے حکم پر لکھنؤ سے پیر کو نئی دہلی لایا گیا۔ 28 جولائی کو ہوئے اس حادثہ میں متاثرہ اور اس کے وکیل شدید زخمی ہو گئے تھے جبکہ اس کی دو خواتین رشتہ داروں کی موت ہو گئی تھی۔پولیس کے سینئر افسر نے بتایاکہ ایمس کے ڈاکٹروں کے مشورہ پر مریض کو لا رہی ایمبولینس کو ’فری پیسیج‘ مہیا کرایا گیا۔ایمبولینس ٹرمینل -1 سے رات نو بجے روانہ ہوئی اور نو بج کر 18 منٹ پر ایمس ٹراما سنٹر پہنچی۔معاملے کی تحقیقات کر رہی سی بی آئی نے اس سلسلے میں اتر پردیش سے ممبر اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگرسمیت 10 لوگوں کے خلاف معاملہ درج کیا ہے۔وہیں دوسری طرف دہلی خواتین کمیشن کی صدر سوات مالیوال نے ایمس میں متاثرہ کے لواحقین سے ملاقات کی۔مالیوال لکھنؤ اسپتال میں بھی متاثرہ اور اس کے لواحقین سے ملنے گئی تھیں۔